چیچہ وطنی میں نئے تعمیر ہونے والے پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا

چیچہ وطنی میں عوام کو جدید اور معیاری پولیس سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے تعمیر ہونے والے پولیس خدمت مرکز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم اور کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

چیچہ وطنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جدید پولیس خدمت مرکز عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او محمد ایاز سلیم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عثمان ٹیپو، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر آر پی او محمد ایاز سلیم اور کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پولیس خدمت مرکز کا قیام عوام کو جدید، معیاری اور بروقت پولیس سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق یہ مرکز چوبیس گھنٹے فعال رہے گا، جہاں شہریوں کو 14 بنیادی پولیس خدمات ایک ہی چھت تلے شفاف، تیز رفتار اور خوش اخلاقی کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور سروس ڈیلیوری کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انتظامی اصلاحات اور عوام دوست اقدامات کے ذریعے بہترین پولیسنگ کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب کے بعد آر پی او، کمشنر اور دیگر افسران نے پولیس خدمت مرکز کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس منصوبے کو عوامی خدمت کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں