ساہیوال چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید اظہر عباس نقوی نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا وہ عظیم باب ہے جو ہمیں حق، سچائی، صبر، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور حضرت امام حسینؓ اور ان کے جان نثار ساتھیوں کی لازوال قربانیاں قیامت تک حق و باطل کے درمیان فرق واضح کرتی رہیں گی۔
ڈاکٹر سید اظہر عباس نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جلوسوں و مجالس کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی ساہیوال کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی اور ایمرجنسی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عزاداران اور شہریوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
سی ای او ڈاکٹر سید اظہر عباس نقوی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ محرم الحرام کا اصل پیغام محبت، اخوت، برداشت اور انسانیت کی خدمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس مقدس مہینے میں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
“کربلا کا پیغام آج بھی زندہ ہے، اور یہی پیغام ہمیں حق کے ساتھ ڈٹ جانے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار کرتا ہے۔”





